500ارب کا ترقیاتی فنڈ

اراکین اسمبلی کو 500ارب کا ترقیاتی فنڈ دینے کا دعویٰ مسترد

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اراکین اسمبلی کو 80ارب روپے کا ترقیاتی فنڈدینے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے ۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ شاہدخاقان عباسی کا اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی اخراجات کی مد میں 500 ارب روپے دینے کا دعویٰ سراسر جھوٹ اور غلط ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کا محکمہ بند کیا جارہا ہے، اخرجات میں کمی ایسے ہی ہوتی ہے جب آپ پاک پی ڈبلیو ڈی جیسے محکموں کو ختم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیرخزانہ کی سربراہی میں ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ کے لیے کمیٹی بنائی ہے جو اس پر کام کرے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین تنخواہ اور مراعات نہیں لے رہے اور ان کے سفری اخراجات پر بھی پابندیاں ہیں،بہت سارے محکمے بند ہوں گے، ڈویژن بند ہوں گے اور انہیں محکموں میں ضم کیا جائے گا جس سے اخراجات میں کمی آئے گی۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم معیشت کی سمت کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نے بجٹ میں متعدد شعبوں پر ٹیکس نہیں لگنے دیا، اور اس کے لیے انہیں کافی جدوجہد کرنی پڑی۔
عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ ویژن ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا اور اس کے بعد آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ نہیں جانا پڑے گا۔

مزید پڑھیں:  پارٹی اختلافات پر عمران خان پریشان، دونوں گروپس طلب