ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کیلئے خطرناک

ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کیلئے خطرناک ہیں، بائیڈن

امریکی صدر بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کیلئے خطرناک جبکہ خود کو تمام مسائل کا واحد حل قرار دیدیا۔
ویب ڈیسک: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا صدارتی الیکشن جیتنا نہ صرف امریکہ کیلئے دنیا کیلئے تباہی کا باعث ہو گا جبکہ میرا دوبارہ انتخاب بہت ضروری ہے کیونکہ جو کام ادھورے ہیں انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے ہیں۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مہنگائی ختم ہو رہی ہے اوعر غزہ کی جنگ بھی انجام کو پہنچنے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کام میں نے شروع کیا اسے مکمل کروں گا۔ اپنی صحت کے حوالے سے بائیڈن نے واضح کیا کہ میں بالکل صحت مند ہوں، صبح 7 بجے اٹھتا ہوں اور آدھی رات تک مصروف رہتا ہوں۔
بائیڈن نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کیلئے خطرناک ہیں ، تمام تر افواہوں کے باوجود صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار نہیں ہوں گا بلکہ صدارتی الیکشن لڑنے کا سب سے زیادہ اہل میں ہی ہوں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ٹرمپ کو پہلے بھی ہرایا اب بھی ہراؤں گا، ٹرمپ کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں۔ انہی کے بیانات سے یورپ بھی پریشان ہے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں مزید بتایا کہ خارجہ پالیسی کبھی ٹرمپ کا مضبوط نقطہ نہیں رہا، ٹرمپ صرف آمرانہ لوگوں سے وابستگی رکھتے ہیں، صدارتی الیکشن کی دوڑ میں اپنی میراث کیلئے نہیں آیا ہوں بلکہ میرے کچھ اہداف تھے، میں نے جو کام شروع کئے ہیں انہیں مکمل کرنا میرا مشن ہے۔ اسی لئے کہہ رہا ہوں کہ میری کامیابی ضروری ہے۔
امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیل اور یوکرین کی حمایت میں بھی بیان داغ دیئے، جہاں حماس کے ختم ہونے کے اشارے دیئے وہیں یوکرین کی کامیابی کا بھی کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کیلئے روسی صدر سمیت سب سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کو ہر اشتعال انگیزی کے نتائج بھگتنا ہوں گے، ایرانی مندوب