وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پیشکش

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی چینی کمپنی کو سرمایہ کاری کی پیشکش

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نے چینی کمپنی کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کردی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے چین کی نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے دوران وفد نے خیبر پختونخوا میں معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکیا جس کے لئے صوبائی حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں گی ۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو تجاویز کا جائزہ لے کر مزید پیشرفت کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفد کو لائیو اسٹاک، سولر انرجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم بیرونی سرمایہ کاری کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کے لئے چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کے علاوہ مستحق گھرانوں کو سولر انرجی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے،۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں سولر پلییٹس اور سولر بیٹری میں استعمال ہونے والے معدنیات کے وافر ذخائر موجود ہیں، صوبائی حکومت صوبے ہی میں سولر پینل اور سولر بیٹری کی صنعت قائم کرنا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے بے حد مواقع موجود ہیں، ہم اس شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کریں گے۔

مزید پڑھیں:  جوبائیڈن اور نیتن یاہو ایران کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے