بنوں چھاؤنی پر حملہ

بنوں چھاؤنی پر حملہ: 8فوجی جوان شہید، 10دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران خودکش دھماکے نتیجے میں 8فوجی جوان شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں 10دہشت گردہلاک کردیئے گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق15جولائی کی صبح 10دہشت گردوں کے گروپ نے بنوں چھاؤنی پر حملہ کیا ۔
سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی جس پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گرگیا اور اس سے ملحقہ انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے خودکش دھماکے میں 8بہادر جوان شہید ہوگئے جس کے بعد کلیئرنس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی میں تمام 10دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظلِ حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور ایف سی کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔
شہدا کا تعلق ضلع پونچھ آزاد کشمیر، خوشاب، ضلع نیلم آزاد کشمیر، ضلع مظفر آباد آزاد کشمیر، ضلع کرک، ضلع بہاولپور اور لکی مروت سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی گھنائونی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی ہے جو افغانستان سے کام کرتا ہے، یہ گروپ ماضی میں بھی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت ایسے عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرے، افغانستان سے آنے والے ان خطرات کے خلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج دہشتگردی کی اس لعنت کے خلاف مادر وطن اور اس کی عوام کا دفاع کرتی رہیں گی۔

مزید پڑھیں:  چین کی بلوچستان دہشتگردی کی مذمت، پاکستان سے سکیورٹی تعاون بڑھانے کا اعلان