ٹرمپ کے قتل کی سازش

امریکہ کا ایران پر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش کا الزام

ویب ڈیسک: امریکہ نے ایران پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش تیار کرنے کا الزام عائد کردیا ہے ۔
اس حوالے سے امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ ذرائع نے انہیں اطلاع دی تھی کہ ایران سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کروانے کی سازش کرسکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ یہ رپورٹ کئی ہفتے قبل ملی تھی جس کے بعد ٹرمپ کی سیکیورٹی بڑھادی گئی تھی۔
سیکریٹ سروس نے پنسلوانیہ کے شہر بٹلر میں تین دن قبل ٹرمپ پر حملے کے بعد سیکیورٹی مزید بڑھادی ہے۔سی این این نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے تھامس میتھیو کروکس اور ایرانی سازش کے درمیان کوئی لِنک اب تک نہیں ملا۔
یاد رہے کہ تھامس میتھیو کروکس امریکی سیکریٹ سروس کے ایجنٹس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔
ایران نے امریکی حکام کے دعوے کو کھوکھلا اور گندا قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن کے ترجمان نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ ایران کی نظر میں ٹرمپ ایک مجرم ہیں جن پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے کیونکہ انہوں نے جنرل سلیمانی کے قتل کا حکم دیا تھا۔
ایران نے اس معاملے میں انصاف کے لیے قانون کا راستہ منتخب کیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  فضل الرحمان نے بھی تاجروں کےہڑتال کی حمایت کر دی