اعظم خان کا بیان

190ملین پاؤنڈ کیس: اعظم خان کا عدالت میں دیا بیان سامنے آگیا

ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف190ملین پاؤنڈ کیس میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا عدالت میں دیا بیان سامنے آگیا۔
اعظم خان نے 13جولائی کو احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا جبکہ 20جولائی کو وکلا صفائی اعظم خان کے بیان پر جرح کریں گے۔
اپنے بیان میں اعظم خان نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ سے متعلق معاملے کو کابینہ میں پیش کیا گیا تھا، شہزاد اکبر اپنا دستخط شدہ ایک نوٹ میرے پاس لے کر آئے، نوٹ خفیہ معاہدے پر دستخط کا معاملہ کابینہ میں لانے کے لیے وزیراعظم کی منظوری لینے کا تھا۔
اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ شہزاد اکبر نے کہا وزیراعظم نے نوٹ کو کابینہ میں پیش کرنے کی اجازت دے دی ہے، وزیراعظم سے اس کی تصدیق کے بعد فائل کابینہ سیکرٹری کو بھیج دی تھی، کابینہ سیکرٹری سے جب معاملے پر بات ہوئی تو وہ میرے دفتر میں موجود تھے۔
اعظم خان کے بیان میں کہا گیا تھا کہ معاہدے پر ہونے والے دستخط کو میں نے پہچان لیا تھا، معاہدے کے ساتھ ایک خفیہ تحریر موجود تھی جس سے متعلق بتایا نہیں گیا۔
سابق پرنسپل سیکرٹری نے بیان دیا کہ میں نے اس معاملے پر کابینہ میں شرکت نہیں کی تھی اور میں وفاقی کابینہ میں اس معاملے پر ہونے والی بحث سے آگاہ نہیں تھا۔
اس سے قبل پرویز خٹک اور سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال بھی کیس میں اپنا بیان عدالت میں جمع کروا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات