بنوں امن مارچ میں فائرنگ

بنوں امن مارچ میں فائرنگ،بھگدڑ سے 4 افراد جاں بحق

بنوں امن مارچ میں فائرنگ سے حالات کشیدہ ہو گئے،بھگدڑ مچنے سے 4 افراد جاں‌بحق، متعدد زخمی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد بنوں سپورٹس کمپلیکس دھرنے میں ہونیوالی فائرنگ سے 16 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجنئرنگ پختون یار بال بال بچ گئے۔
ویب ڈیسک: بنوں امن مارچ میں فائرنگ کے باعث 16 افراد زخمی ہو نے کی اطلاعات ہیں‌ ، فائرنگ واقعہ کے بعد بھگ دڑ مچ گئی جس سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے، لوگ جان بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے اور اس سے حالات بھی کشیدہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد ضلع بنوں میں امن مارچ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ امن مارچ میں اس وقت لکی مروت، کرک، شمالی وزیرستان کے عوام سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہیں۔
امن ظاہرے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بنوں میں احتجاج کیلئے جمعرات کی رات مساجد سے اعلانات کیےگئے جس میں پیش امام نے لوگوں کو سفید جھنڈوں کے ساتھ باہر آنے کی تاکید کی۔
ذرائع کے مطابق بنوں سپورٹس کمپلیکس دھرنے میں فائرنگ سے 16 افراد زخمی ہو گئے، اس موقع پر صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجنئرنگ پختون یار بال بال بچ گئے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ سپورٹس کمپلکس میں فائرنگ کے دوران بھگ ڈر مچ گئی اور توڑ پھوڑ واقعات بھی رونما ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر پختون یار امن دھرنے سے خطاب کر رہے تھے کہ واقعہ رونما ہوا۔ اس کے ساتھ ہی ضلع بھر میں تمام سرکاری دفاتر بند، پہیہ جام ہڑتال ہے۔
دھرنے میں بدامنی اور ممکنہ آپریشن کے خلاف نعرہ بازی بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ تاجر برادری کے اعلان پر پورے بنوں میں امن مارچ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہر بھر کے تمام کاروباری مراکز بند، تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔
اقوام بنوں کا مشترکہ گرینڈ امن مظاہرہ پریٹی گیٹ چوک میں شروع ہوا اور شہر و مضافات سے لوگ قافلے کی شکل میں شریک ہوئے۔
تاجر برادری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امن ہوگا تو کاروبار ہوگا، امن ہوگا ، تو معیشت بڑھے گی، اس موقع پر انہوں نے ایمان، اتحاد، تنظیم ، امن غواڑو ، امن غواڑو کے نعرے لگائے۔
فائرنگ واقعہ کے بعد ایک شخص نے کہا کہ ‏آج ہم بنوں میں امن کے لئے اکٹھے ہوئے تھے، معلوم نہیں کہاں سے کسی نے ہماری صفوں میں گھس کر صورتحال کو خراب کیا؟
انہوں نے کہا کہ ہم خود بھی تحقیقات کررہے ہیں اور کسی بھی صورت امن کی بات نہیں چھوڑیں گے، چاہے ہمیں جتنا بھی نقصان ہو ہم اپنے موقف سے نہیں ہٹیں گے۔
ضلع بنوں میں پریڈی گیٹ چوک پر امن جرگہ منعقد ہوا امن جلسہ میں علماء کرام، تاجر برادری، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس دوران شرکاء ہاکی سٹیڈیم میں داخل ہوگئے جس سے مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا اور آسٹروٹرف کو بھی نقصان پہنچا۔
مقررین نے تقاریر کرتے ہوئے بنوں میں امن کی بحالی کا مطالبہ کیا، بعد میں ریلی کے شرکاء نے سپورٹس کمپلیکس کا رخ کیا، اس موقع پر اچانک فائرنگ سے امن ریلی کے شرکاء میں بھگڈر مچ گئی۔

مزید پڑھیں:  سلامتی کونسل اجلاس میں اسرائیلی مندوب کی ایران کو دھمکی