نورولی محسود کیخلاف قانونی چارہ جوئی

ٹی ٹی پی سرغنہ نورولی محسود کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

ملک میں دہشتگردی کی ہدایات دینے پر حکومت پاکستان کی جانب سے کالعدم ٹی ٹی پی کے سرغنہ نورولی محسود کیخلاف قانونی چارہ جوئی اور خفیہ آڈیو لیک کا فارنزک کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ویب ڈیسک: حکومت پاکستان کی جانب سے کالعدم ٹی ٹی پی کے سرغنہ نورولی محسود کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز روپوش ٹی ٹی پی کے سرغنہ نورولی محسود کی ایک مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی۔ اس آڈیو لیک میں وہ پاکستان میں دہشتگردی کی ہدایات دے رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام نے نورولی محسود اور غٹ حاجی کی خفیہ آڈیو لیک کا فارنزک کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے بعد نورولی اور غٹ حاجی کے خلاف ملک کے اندر اور باہر سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ خفیہ کال میں کالعدم ٹی ٹی پی سربراہ نورولی محسود اپنے دہشت گرد ساتھی غٹ حاجی کو سکولوں، ہسپتالوں اور سرکاری املاک کو اڑانے کی ہدایات دے رہا تھا۔
میڈیا پر خبر آنے کے بعد شدید عوامی رد عمل کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی گروپ خفیہ کال کو اے آئی جنریٹڈ قرار دے کر راہ فرار کی کوشش کر رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نورولی محسود کی افغانستان میں موجودگی اور پاکستان میں براہ راست دہشتگردی کروانے پر افغان عبوری حکومت سے شدید احتجاج کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی افغان طالبان سے دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف مسلسل دہشت گردی اور سنگین جرائم کرنے پر انہیں پاکستان کے حوالے کرنےکا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے انتہا پسند اور دہشتگردوں نے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب کالعدم ٹی ٹی پی سربراہ نور ولی محسود کی خفیہ کال سامنے آگئی جس نے سب کو چونکا دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  یہ ہماری طاقت کا صرف ایک گوشہ ہے، مسعود پیزشکیان