ملک بھر میں مون سون بارشیں

ملک بھر میں مون سون بارشیں، سڑکیں تالاب بن گئیں

ویب ڈیسک: ملک بھر میں مون سون بارشیں جاری ہیں، خیبرپختونخوا سمیت لاہور ، کراچی اور بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کی بدولت سڑکیں تالاب بن گئیں جبکہ اس دوران 4 افراد سیلابی ریلے کی نذر ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاس صوابی اور ہری پور سمیت دیگر مقامات پر مون سون بارشیں شروع ہو گئی ہیں۔ صوابی بھر سمیت اس کے گردونواح میں بھِ بادل خوب جم کر برسے۔
چند روز کی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ درجہ حرارت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث کھیتوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے فصل خراب ہونے کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
شدید بارش میں شہر بھر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں۔
ضلع ہری پور کے شہر اور گردونواح میں بھِ بارش سے موسم خوشگوارہونے لگا ہے، اس سے گرمی اور حبس میں واضح کمی ہونے لگی ہے۔


ملک بھر میں مون سون بارشیں ہونے سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہیں ضلع صوابی میں 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
واسا راولپنڈی نے موسلادھار بارش کے باعث پری الرٹ جاری کر دیا، گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے 9 فٹ جبکہ کٹاریان کے مقام پر 9 فٹ تک پانی کی سطح بلند ہو گئی، کہچری میں 51 اور شمش آباد میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے پر الرٹ جاری ہونے کا امکان ہے۔ واسا راولپنڈی نے نالہ لئی کے اطراف میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا تاکہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، صوابی کے گوہاٹی، ادینہ اور زیدہ گائوں میں چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔
موسلادھار بارشوں سے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں لوئر سیرلہ نالہ اور برنالہ بھپر گئے، پانی گھروں اور بازاروں داخل ہونے لگا ہے، سیالکوٹ میں بارش سے نشیبی علاقے اور اہم سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ دیگر علاقوں میں بھی بارش کا پانی سڑکوں پر تیرنے لگا ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران کئی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں اگلے 3 روز میں شدید بارشیں متوقع ہیں اور 200 ملی میٹرتک بارش ہو سکتی ہے۔ پوٹھوہار ، مردان اور لاہورڈویژن میں بھی موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، کیونکہ بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے، جڑوں شہروں میں مجموعی طور پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریوں کے مقام پر 9 فٹ تک پانی کی سطح پہنچ گئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشیں جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ویٹا چورنگی اور کورنگی کے اطراف میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب ہے تاہم ژوب، بارکھان، کوہلو، لورا لائی، سبی ، خضدار، ہرنائی اور زیارت میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے محصولات میں اضافہ ہوا، دیگر صوبوں کے احوال دیکھنے ہونگے