جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ ن لیگ

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ ن لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر مسلم لیگ ن کے اوسان خطا ہوگئے ہیں، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ ن لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر لیگی رہنماوں بالخصوص مریم نواز کی چیخیں نکل رہی ہیں، اسی لئے لیگی رہنما جوڈیشل کمیشن پر بے جا تنقید کررہے ہیں کیونکہ انہیں خود بھی اندازہ ہے کہ اس کا انجام کیا ہوگا۔
مشیر اطلاعات کے مطابق پی ایم ایل این کی بے جا تنقید کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے، مسلم لیگ کی جعلی حکومت خود بھی کمیشن بنانے کے لئے تیار نہیں اور صوبے کے جوڈیشل کمیشن پر بھی تنقید کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اسی 9 مئی کو جواز بنا کر مینڈیٹ چور سرکار نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی ناکام کوشش بھی کی۔
بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے بتایا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کیسز میں بھی مخصوص نشستوں کے کیس کی طرح سرخرو ہو گی، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا، سب جان جائیں گے کہ حقیقت کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ ن لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، فارم 47 کی جعلی حکومت کا پی ٹی آئی کے خلاف ہر حربہ ناکام ہوگیا ہے، جعلی حکومت کو ایک ایک زیادتی کا حساب دینا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  رائٹ سائزنگ پلان :ڈیلی ویجز ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ