بارش کے باعث حادثات

بارش کے باعث حادثات، 13 افراد جاں بحق،6 زخمی ، رپورٹ جاری

ویب ڈیسک: صوبائِی دارالحکومت پشاور میں جھکڑ چلنے اور بارش کے باعث حادثات سے 13 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالی و جانی نقصان کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش سے 13 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق افراد میں 2 مرد، 4 خواتین اور 7 بچے جبکہ زخمیوں میں 1 مرد، 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 16 گھروں کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نقصان پہنچنے والے ان 16 گھروں میں سے 15 گھروں کو جزوی اور 1 گھر مکمل طور پر زمین بوس ہوا۔
ذرائع کے مطابق تیز بارش کے باعث حادثات کے واقعات صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، سوات اور صوابی میں رونما ہوئے۔
ضلع کوہاٹ میں تیز بارش کے باعث پانی گھر کے تہہ خانے میں جمع ہونے سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہوئے، تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث چترال لوئر میں بونی اور گرم چشمہ روڈ جبکہ سوات میں کالام سے بحرین اور ناران سے بالاکوٹ روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں، بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشنری موجود ہے، اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لئے متبادل راستوں کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت محکمہ بہبود آبادی بندکرنے کا فیصلہ