اسماعیل ہنیہ کی شہادت ناقابل تلافی

اسماعیل ہنیہ کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے، حافظ نعیم / سراج الحق

ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم اسرائیل اور اس کے حواریوں کو ظلم کی قیمت چکانا ہوگی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کا قیام، ہجرت اور شہادت اللہ کے لیے تھی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حماس کے سربراہ نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔ شہید رہنما نے پہلے اپنے خاندان کو راہ خدا میں قربان کیا پھر خود داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہادت ایک مسلمان کی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ راحتوں بھری نئی زندگی کا آغاز ہوتا ہے لیکن اس کے برعکس اسرائیل اور اس کے حواریوں کو ظلم کی قیمت چکانا ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے، اس سے فلسطین کے مسلمان مشفق رہنما سے محروم ہو گئے۔ اسرائیلی اقدام نے اس پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے، صاف نظر آرہا ہے کہ جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اب نئی صف بندی ہونے جا رہی ہے۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حماس نے ایک لمحے کیلئے بھی اپنی جدوجہد کو بند نہیں کیا، میری اسماعیل ہنیہ سے ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایک شہید ہوگا تودوسرا بھی تیار ہوگا۔
سراج الحق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ نے ایک ملاقات میں کہا تھا کہ میرے خاندان کے 31 لوگ شہید ہوچکے ہیں، عالم اسلام کو اس کارروائی کا بھرپور جواب دینا چاہئے۔

مزید پڑھیں:  یہ ہماری طاقت کا صرف ایک گوشہ ہے، مسعود پیزشکیان