خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 19 افراد

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 19 افراد جاں بحق، 15 زخمی، رپورٹ جاری

ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں بارشوں اور سیلاب و اس کے باعث حادثات کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جھکڑ، تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق 19 افراد میں 4 مرد، 4 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں، دوسری طرف زخمیوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں 6 مرد، 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 61 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 گھروں کو جزوی اور 24 گھر مکمل زمین بوس ہو گئے۔
صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، کوہستان اپر و لوئر، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں بھی بارش سے حادثات رونما ہوئے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشنری کو بروئے کار لیایا جا رہا ہے، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب تک حالات معمول کے مطابق نہ ہوں سیاح سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام/ سیاح کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال، سٹرکوں کی بندش اور رہنمائی کے لیے 1700 رابطہ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یاد رہےکہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 82 ہزار پوائنٹس کی حد بحال، ڈالر بھِی سستا