ایم این اے کو چھڑانا

ہمارے ایم این اے کو چھڑانا حکومتی ڈرامہ ہے ،عمر ایوب

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہمارے ایم این اے حاجی امتیاز کو چھڑانا حکومتی ڈرامہ ہے ۔
اسلام آباد میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بندے لاپتا کرنے کا یہ نیا طریقہ نکالا ہے خود غائب کردیا اور عدالت میں کہہ دیا کہ ملزمان چھڑا کر لے گئے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے بھائی حاجی امتیاز کے اوپر تشدد کیا گیا، آج انہیں عدالت میں پیش کرنا تھا لیکن نہیں کیا گیا اور مولا جٹ کی فلم چلائی گئی۔
پنجاب پولیس اور خفیہ اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا، یہاں نہ آئین ہے نہ قانون ہے، ہم سب بچے ہیں؟ سب اندھے ہیں؟؟ ہمیں سب نظر آرہا ہے، کیا یہ جمہوریت ہے؟؟
عمر ایوب نے کہا کہ حکومت یاد رکھے یہ پہیہ بہت جلدی گھومتا ہے، وقت کے فرعونوں کو جواب دینا ہوگا، جو بھی اہلکار فارم 47 کی حکومت کے کارندے بنے ہوئے ہیں ان کے نام ہمارے پاس ہیں، سب کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ اگست کو صوابی میں بڑا جلسے کرنے جا رہے ہیں جس کی قیادت علی امین گنڈاپور کریں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ اندھیر نگری اور چوپٹ راج ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر شرم ناک مقدمات بنائے گئے، پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، الیکشن کمیشن آلہ کار بنا ہوا ہے۔
، سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک کو مذاق نہ بنائیں، یہ دو سیاسی جماعتیں استعمال ہورہی ہیں، ان دو سیاسی جماعتوں نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملکی سالمیت کو دا ئوپر لگا دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے دوران حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا ۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی قیادت کی ملاقات،مشترکہ احتجاج کا اعلان