طوفانی بارشوں سے 4افراد جاں بحق

طوفانی بارشوں سے 4افراد جاں بحق، کاغان میں مہانڈری مارکیٹ بھی بہہ گئِی

ویب ڈیسک: طوفانی بارشوں سے 4افراد جاں بحق، کاغان میں مہانڈری مارکیٹ بھی بہہ گئِی، عوام محصور، اشیائے خوردونوش کی قلت کا خدشہ۔
وادی کاغان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر لینڈ سلائیڈنگ سمیت طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، منور نالہ میں طغیانی کے باعث پل اور د کانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
ناران کا رابط کٹ جانے کے باعث وادی کاغان میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ وادی کاغان میں ایک بار پھر مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی۔
منور نالہ میں طغیانی کے باعث مہانڈری مارکیٹ سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ منور ویلی میں کئی رابطہ پل اور ٹربائن بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
دوبارہ طغیانی سے شاہراہ کاغان کی بحالی کاکام بھی متاثر ہوا اور این ایچ اے کی جانب سے عارضی ٹریفک بحال کرنے کے لئے لگائے گے پائپ بھی پانی میں بہہ گئے جس سے شاہراہ کاغان کی بحالی مزید التواءکا شکار ہو گئی۔
جل کھڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث روڈ بند ہوگیا اور سیاحوں کی کار لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی۔ اس موقع پر مقامی افراد نے سیاحوں کو نکال لیا۔
ناران میں موجود سیاحوں نے بتایا کہ یہاں رہائش مفت ہے لیکن ہمارے بچے بیمار ہورہے ہیں، کھانے پینے کی اشیاء سبزی گوشت ختم ہو رہے ہیں۔ پٹرول کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ جلد از جلد انخلاءکے لئے اقدامات کرے ۔
دیر بالا کے علاقے عشیرئی درہ علیگا سر میں آسمانی بجلی گرنے اور بادل پھٹنے سے برساتی نالہ میں آنے والے سیلاب میں دو کم عمر بچے بہہ گئے، اس واقعہ میں ایک کی نعش نکال لی گئی جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
ادھر دیر بالا کلکوٹ میں ٹریکٹر کھائی میں گرنے سے عنایت نامی شخص موقع پر جان بحق ہوگیا۔
صوابی بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، صبح سے شروع ہونے والی بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے سہ پہر تک جاری رہا، سیلابی ریلے کی وجہ سے جہانگیرہ روڈ پر انبار کے مقام پر ٹریفک کی آمد و رفت بند رہی۔
ضلع صوابی کے علاقے ڈاگئی خدو خیل کے مقام پر برساتی خوڑ میں مولانا محمد سید کا 15 سالہ نوجوان بیٹا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش موضع سلیم خان کے خوڑ سے برآمد ہوئی۔
بارش کے باعث ضلع بھر کی سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں ، ندی نالوں میں طغیانی آگئی ، نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں ، دکانوں اور سڑکوں پر داخل ہو گیا۔
بارشوں کے باعث رستم کے علاقہ گجرات کمرگئی میں گھر کے اندر برآمدے کی چھت بوسیدہ ہو کر اچانک گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر دختر تازہ گل اور زوجہ باچا گل شدید زخمی ہو گئیں، ریسکیو 1122 اہلکاروں نے خواتین کو ملبے سے نکال کر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ طوفانی بارشوں سے 4افراد جاں بحق ہو گئے، کاغان میں مہانڈری مارکیٹ بھی بہہ گئِی، عوام محصور، اشیائے خوردونوش کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  راولپنڈی احتجاج میں رکاوٹوں پر صوبائی حکومت کا دبنگ فیصلہ