بجلی کے معاملے پر سیاست

بجلی کے معاملے پر سیاست عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے معاملے پر سیاست عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے،حکومت کے اپنے آئی پی پیز ہیں ان کا کوئی ایشو نہیں ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاور سیکٹر اور ایف بی آر کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا اگر یہ دونوں ادارے ٹھیک نہ ہوئے تو ملک کی ناؤڈوب سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں، نواز شریف کے دور میں بجلی کے منصوبے لگانے پر کام شروع کیا گیا اور حکومت نے ایل این جی کے چار پلانٹس لگائے جو کہ سستے ترین پلانٹس تھے اور ان پلانٹس سے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوتی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم سیاست برائے سیاست پر یقین نہیں رکھتے، عوام کی مشکلات کا پورا ادراک ہے۔ بجلی کے مسئلے پر سیاست عوام کی توہین کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے معاملے پر سیاست درحقیقت عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے اس بحران کو حل کرنا ہماری اتحادی حکومت کا اہم ترین ایجنڈا ہے۔
ہماری وزارتوں کو مشترکہ طور پر عوام کو بریفنگ دی جانی چاہیے کہ اس بحران کے خاتمے کے لیے حکومت نے کیا کیا اقدامات اٹھائے ہیں جب کہ سیکڑوں ڈیم بنانے کے دعوے داروں نے ایک بھی ڈیم نہیں بنایا باتیں کرنا بہت آسان ہے اور کام کرنا بہت مشکل ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو تہران میں شہید کردیا گیا، فلسطین میں بدترین تباہی ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں:  9روز بعد پاک افغان خرلاچی بارڈر کھول دی گئی