روزگار کے مواقع پیدا کرنا

روزگار کے مواقع پیداکرنا، صوبے کی آمدن بڑھانا ترجیحات ہیں،علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے رشکئی سپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مختلف شعبوں کے چینی ماہرین کے وفد سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے ملاقات میں کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی آمدن بڑھانا ترجیحات ہیں، چینی ماہرین کے وفد کو خیبر پختونخوا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی، محکمہ صنعت اور وفاقی بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
خیبر پختونخوا میں مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے چینی ماہرین کے وفد کو خیبر پختونخوا میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی آمدن بڑھانا ترجیحات ہیں۔ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں زراعت، صنعت، سیاحت اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صوبائی حکومت خود بھی ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے مزید بتایا کہ صوبے میں لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی آمدن کو بڑھانے کے لئے استعداد کے حامل شعبوں کو فروغ دینے پر ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ صوبائی حکومت استعداد کے حامل ان شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا بھی خیر مقدم کرے گی، اس سلسلے میں صوبائی حکومت نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کرے گی۔
چینی وفد سے بات یچت میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کے فروغ کے لئے مقامی صنعتوں کو سستے نرخوں پر بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی بجلی پیداوار بڑھانے پر کام ہو رہا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی اپنی گرڈ اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، صوبائی حکومت اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی ماہرین کے وفد کا دورہ صوبے میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا، مستقبل میں بھی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔
چینی وفد کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں زراعت، آبی وسائل اور صنعتی شعبوں میں باہمی اشتراک کار اور سرمایہ کاری کے بہت ذیادہ مواقع موجود ہیں، صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو ایکسپلور کرنے کے لئے مزید وفود صوبے کا دورہ کریں گے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے رشکئی سپیشل اکنامک زون میں قائم صنعتی یونٹوں کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے وزیر اعلی کو بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کا اسرائیل پر بڑا حملہ، ملٹری بیس کو نشانہ بنا لیا