اسرائیل نے پورے خطے کو غیرمستحکم

اسرائیل نے پورے خطے کو غیرمستحکم کر دیا ہے، شیری رحمان

ویب ڈیسک: سینیٹ اجلاس میں دوران اجلاس اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل نے پورے خطے کو غیرمستحکم کر دیا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ فلسطین میں مظالم کا سلسلہ گزشتہ سال سے جاری ہے، اس دوران جہاں 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے وہیں زخمیوں کی تعداد اس سے دگنی سے بھی زیادہ ہے۔
سینیٹ اجلاس میں انہوں نے اپنے خطاب مِیں کہا کہ ایران میں گھس کر کارروائی کر کے صیہونیوں نے ثابت کر دیا کہ وہ امن نہیں چاہتے، اس طرز عمل سے اسرائیل نے پورے خطے کو غیرمستحکم کر دیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ عالمی عدالت نے بھی نیتن یاہو کیخلاف فیصلہ دیا، اس کے باوجود فلسطین میں نسل کشی جاری ہے، اس طرح کی نسل کشی کا مظاہرہ زندگی میں نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نےعالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں، اسرائیل اور بھارت کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے، انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔
سینیٹ سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے یہاں غزہ میں ہر جگہ پربمباری کی وہیں اس نے ایرانی صدر کی حلف برداری تقریب کے لئے آئے اسماعیہل ہنیہ پر تہران ہی میں حملہ کر کے ثابت کر دیا کہ اسے امن نہیں چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے تہران میں کارروائی سے یہ پیغام بھی دنیا کو دیا کہ وہ امن عمل کو کچھ نہیں سمجھتا، اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جانے والے امدادی قافلوں پر بھی حملہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کر کے بربریت کی انتہا کر دی گئی ہے، یہ جو کچھ فلسطین میں ہورہا ہے وہی کچھ کشمیر میں بھی ہو رہا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب میں کہنا تھا کہ غزہ اور کشمیر میں اسرائیل اور بھارت نسل کشی کر رہے ہیں لیکن اس نسل کشی پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔
پورے عالم اسلام کو متحد ہو کر اس کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی، اس ظلم کی کارروائیوں کو بند کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  تنخواہ دار طبقہ سے اضافی ٹیکس وصولی کا انکشاف