جماعت اسلامی دھرنے کو 13روز مکمل

جماعت اسلامی دھرنے کو 13روز مکمل، حکومتی ٹیم سے مذاکرات متوقع

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی دھرنے کو 13روز مکمل ہو گئے جبکہ آج حکومتی ٹیم سے مذاکرات متوقع ہیں۔
مہنگائی اور بھاری بجلی بلوں سمیت بے جا ٹیکسز کے خلاف جاری جماعت اسلامی دھرنے کو 13روز مکمل ہو گئے۔
راولپنڈی میں جماعت اسلامی دھرنے کو13روز مکمل ہونے کے باوجود کارکنان اور رہنما بدستور پرعزم ہیں، دھرنے کے شرکاء نے معمول کے مطابق نماز فجر پنڈال میں ادا کی اور بعدازاں کارکنوں کو ناشتہ کروایا گیا۔ اس دوران پنڈال کی صفائی بھی کارکنان نے ہی کی۔
اس دوران امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جماعت اسلامی کی لانگ مارچ کی دھمکی کام کر گئی اور حکومتی ٹیم سے مذاکرات کا چوتھا دور آج ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات جماعت اسلامی کے حکومت کیساتھ مذاکرات بے نتیجہ نکلے جبکہ حکومتی مذاکراتی ٹیم جماعت اسلامی کے شرائط کا مثبت جواب نہ دے سکی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان آج پریس کانفرنس کے دوران مری روڈ مارچ کے متعلق آگاہ کریں گے جبکہ اس کے بعد کل اسلام آباد کی جانب بڑھنے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔
دھرنا شیڈول کے مطابق 11 اگست کو لاہور اور 12 اگست کو پشاور میں دھرنا دیا جائے گا، اس کے علاوہ 14 اگست کو ملک بھر کے صنعتکاروں اور تاجروں سے مشاورت کرنے کے بعد ملک بھر میں‌مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں جاری مہنگائی اور آسمان سے باتیں کرتے بجلی بلوں و ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا راولپنڈی کے لیاقت باغ میں‌جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  کاٹلنگ، گوداموں سے کروڑوں کی چوری کرنےوالے 4 ملزمان گرفتار