خالدہ ضیاء کا اعلان

انتقام نہیں لوں گی ،خالدہ ضیاء کا سب کو معاف کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء نے رہائی کے بعد سب کے لئے معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی سے انتقام نہیں لوں گی۔
رہائی کے بعد پارٹی کے جلسے سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے خالدہ ضیاء نے کہا کہ جمہوری روایات برقرار رکھیں گے،انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، سب کو معاف کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آئیے محبت اور امن کا بنگلہ دیش بنائیں،ہمیں تباہ شدہ جمہوریت کے کھنڈرات سے ایک متحدہ بنگلہ دیش بنانا ہے۔
خالدہ ضیاء نے ان تمام بہادر بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ناممکن کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد ہمیں فاشسٹ، ناجائز حکومت سے آزادی ملی ہے۔
بی این پی کی چیئرپرسن نے مزید کہا ہمیں ذہانت، قابلیت اور علم کی بنیاد پر ایک جمہوری بنگلا دیش بنانا چاہیے ہمیں استحصال سے پاک بنگلا دیش بنانا چاہیے۔ ہمیں تمام مذاہب اور ذاتوں کے لیے بنگلا دیش کو یقینی بنانا چاہیے۔
آئیے ہم اپنے نوجوانوں کو ترقی اور مساوات کی بنیاد پر ایک جدید بنگلہ دیش بنانے کے لیے بااختیار بنائیں۔ آئیے ہم ایک علم پر مبنی معاشرہ بنائیں، نہ کہ تباہی یا انتقام۔
یاد رہے گزشتہ روز صدر محمد شہاب الدین نے خالدہ ضیا کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا،وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک گزٹ کے مطابق صدر نے بنگلہ دیش کے آئین کے آرٹیکل 49 کے تحت یہ حکم جاری کیا۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ کےحق میں احتجاج:عمران خان نےعلی امین کواہم ہدایات جاری کردیں