کلائمیٹ چینج سیل بنانے کا اعلان

صوبائی محکمہ صحت میں کلائمیٹ چینج سیل بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک: صوبائی محکمہ صحت میں کلائمیٹ چینج سیل بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں مسائل سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت میں کلائمیٹ چینج سیل بنانے کا اعلان کر دیا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ موسمیاتی تغیر کے نتیجے میں سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات میں صحت سب سے پہلے متاثر ہوتی ہے، اسی وجہ سے ملیریا، ڈینگی اور لشمینیا جیسی بیماریاں پھیلتی ہیں اور دیگر علاقوں سے پختونخوا کا رُخ کرتی ہیں۔
سید قاسم علی شاہ کے مطابق پچھلے چند سالوں میں مون سون کے نتیجے میں سیلابوں سے جنوبی اضلاع میں ملیریا میں واضح اضافہ نظر دیکھا گیا ہے، سیلابوں میں پینے کے پانی کے ذخائر گدلے ہونے سے پیٹ کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔
صوبائی وزیر صحت کے مطابق جلد سمیت واٹر اور ویکٹر برن بیماریاں سب موسمیاتی تغیر کا نتیجہ ہی ہیں۔ گرمی اور سردی کی شدید لہریں بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو سب سے پہلے اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تغیر سے مراکز صحت، اس کا عملہ اور عوام سب متاثر ہو رہے ہیں، یہی ہمارے پبلک ہیلتھ کا بڑا چیلنج ہے۔ ان تمام چیلنجز کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت میں کلائمیٹ چینج سیل کا قیام ناگزیر ہے۔
صوبائِ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کے تمام اقدامات، پروجیکٹس اور انیشیٹیوز پر کلائمیٹ چینج کو مدنظر رکھتے ہوئے نظر ثانی کرنی ہوگی، اس سلسلے میں ٹیکنیکل مشاورت مکمل ہوچکی، جلد کلائمیٹ چینج سیل بنانے کا اعلان ہونے کے بعد اس سیل کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  توشہ خانہ ٹو کیس :عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت مسترد