بلدیاتی نمائندے سراپا احتجاج

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے بلدیاتی نمائندے سراپا احتجاج

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے منتخب بلدیاتی نمائندے فنڈز کی عدم فراہمی پر صوبائی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ ، مردان اور ایبٹ آباد میں منتخب بلدیاتی نمائندے فنڈز کی عدم فراہمی اور اختیارات نہ ملنے پر سڑکوں پر آگئے ،بلدیاتی نمائندوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔
تحصیل کونسل چارسدہ کے ویلج چیئر مینوں نے فاروق اعظم چوک میں انوکھا بجٹ اجلاس کا انعقاد کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا ۔
اس موقع پر ویلج چیئرمینوں نے تحصیل کونسل چیئرمین مفتی عبد الرؤف شاکر کی قیادت میں ٹی ایم اے ہال سے احتجاجی جلوس نکالا۔
شرکاء نے پلے کارڈز ہاتھوں میں اٹھا کر صوبائی حکومت کے خلاف اور مقامی حکومتوں کو اختیارات دو کی شدید نعرہ بازی کی۔
ویلج چیئرمینوں نے فاروق اعظم چوک میں احتجاجا اسمبلی لگا ئی سپیکر عبداللہ حقانی نے بجٹ اجلاس کاروائی شروع کی ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ تین سالوں سے ویلج چیئر میینوں کو کوئی فنڈ اور اختیارات نہیں مل رہے ہیں جس کی وجہ سے ویلج چیئر مین عوامی دبا ئوکا شکار ہیں۔
اسی طرح مردان کے ویلیج کونسل اور نائیبر ہوڈ کونسل کے نمائندوں نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا دوسرا دور حکومت ہے لیکن ہمیں اختیارات اور فنڈز سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام نے ووٹ دیا ہے مگر صوبائی حکومت ذلیل کررہی ہے ۔
بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو استعفیٰ دینے کے لئے اڈیالہ جیل جانے پر مجبور ہوں گے ۔
دریں اثناء ایبٹ آباد کے بلدیاتی ممبران بھی فنڈز کی عدم فراہمی کے خلاف سڑکوں پر آگئے ۔
تمام ویلج چیئرمین فنڈز اور اختیارات نہ ملنے پر اپنی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے ،انہوں نے کہا کہ130 ویلج ناظمین 3 سالوں سے فنڈز نا ملنے پر اپنے ووٹرز کا سامنا نہیں کر سکتے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: مولانا فضل الرحمن5سال کیلئےبلا مقابلہ جے یو آئی کے امیر منتخب