دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

لیگی امیدوار کی این اے 97میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ن لیگی امیدوار کی این اے 97میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے ۔
سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے علی گوہر بلوچ کی حلقہ این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت کی۔
دلائل سننے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کردی گئی۔
اپیل خارج ہونے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے منتخب امیدوار سعد اللہ بلوچ رکن قومی اسمبلی برقرار رہیں گے۔
سماعت کے دوران جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ ہم دوبارہ گنتی پر پہلے ایک فیصلہ دے چکے ہیں، کیا اس کیس میں بھی ویسے ہی حقائق ہیں؟ وکیل لیگی امیدوار حسن رضا پاشا نے کہا کہ جی اس کیس میں بھی حقائق وہی ہیں۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آپ کے کیس میں آر او کہہ رہا ہے اسے دوبارہ گنتی کی درخواست ہی نہیں ملی، آپ آر او کو دی گئی جو درخواست دکھا رہے ہیں اس پر کوئی تاریخ درج نہیں، کیسے مان لیں آپ نے درخواست 9 فروری کو ہی دی تھی، ریکارڈ سے دکھائیں نتائج مرتب ہونے سے پہلے آپ نے آر او کو درخواست دی۔
بعد ازاں عدالت نے این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی ن لیگی امیدوار کی درخواست خارج کردی۔

مزید پڑھیں:  نیپال میں شدید بارش اورسیلاب ،170سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتہ