علی امین گنڈا پور ولن

علی امین گنڈا پور ولن بننے کی کوشش کررہے ہیں ،امیر مقام

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ولن بننے کی کوشش کررہے ہیں ۔
انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی ورکروں میں پیسوں کی تقسیم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے بجائے اسلام آباد پر حملے کے لئے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کو استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈا پور کے پاس پی ٹی آئی ورکروں کو دینے کے لئے پیسے ہیں خیبرپختونخوا کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اسلام آباد میں جلسہ نہ کیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، اب وہ اپنا وعدہ پورا کریں، ہمیں علم ہے کہ یہ صبح کیا بات کرتے ہیں اور پھر رات کو کیا بات کرتے ہیں؟
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد پر حملہ اس لئے کیا جارہا ہے کیونکہ ملک میں مہنگائی تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلڈوزر، کرینوں اور کھدائی والی مشینوں سے بجلی سستی نہیں ہو گی، علی امین گنڈا پور وزیراعلی نہیں ولن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ضلع کرم میں 9روز سے پاراچنارٹل شاہراہ، پاک افغان خرلاچی بارڈر بند