نمازجنازہ ادا

رحیم یار خان: کچے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا

ویب ڈیسک: رحیم یار خان کے کچے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی ۔
نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل ، ڈی جی رینجرز پنجاب، سیکرٹری داخلہ پنجاب ، آر پی او بہاولپور، کمشنر بہاولپور، ڈی آئی جی سکھر، ڈی پی او ، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔
شہدا کے اہل خانہ بھی نمازجنازہ میں موجود تھے، جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر ایمبولینسز کے ذریعے پولیس لائنز پہنچایا گیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی، شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں نے عظیم مقصد کے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی ہونیوالے اہلکاروں کی بھی عیادت کی ، وزیر داخلہ محسن نقوی فردا فردا تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔
محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے لئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، کچے کے علاقے اور سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کے حملوں کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پنجاب پولیس کچہ کے ڈاکوؤں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان میں گیس کمپنی کے کیمپ پرحملہ ،20سے زائد مزدور اغواء