اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا

اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کو جلسہ منسوخ کرنے کا نہیں کہا،وزیردفاع

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کو جلسہ منسوخ کرنے کا نہیں کہا ،پی ٹی آئی جعلی بیانیہ چلا رہی ہے، بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ناکامی کے خوف سے جلسہ منسوخ کیاکیونکہ جلسے کی منسوخی کے بعد عمران خان، بشریٰ بی بی، رؤف حسن، علیمہ بی بی کی گفتگو سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے، پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 9مئی ہم نے نہیں کیا، مجھے بتائیں کیا چہرے کرائے کے تھے؟ ان کے تو ویڈیو میں چہرے تھے۔
9 مئی واقعات ہزاروں نہیں کروڑوں لوگوں نے دیکھے، 9مئی واقعات میں ملوث عناصر کی شکلیں ویڈیوز میں واضح دیکھی جاسکتی ہیں۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اعظم سواتی سے ملاقات کے حوالے سے خواجہ آصف کہنا تھا کہ جیلوں میں گفتگو راز میں نہیں رہتی، آپ کی ہر نقل و حرکت ریکارڈ ہوتی ہے، میں جیل کے جس سیل میں تھا وہاں 16 کیمرے لگے تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا علی امین گنڈا پور بزدار 2ہیں بلکہ علی امین ان سے بھی بڑھ کر ہیں، بزدار بولتا نہیں تھا یہ بڑھکیں مارتے ہیں، علی امین اپنی کابینہ کے لوگوں کے متعلق کیاکہہ رہے ہیں اورکابینہ والے ان کو ہی چور کہہ رہے ہیں ۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکا میں ڈیمورکریٹس آئیں یا ری پبلکنز کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری قسمت امریکا نے نہیں بلکہ ہم نے خود بدلنی ہے۔

مزید پڑھیں:  یمن، لبنان اور غزہ پر اسرائیل کی بیک وقت بمباری، 137افراد شہید