خیبر پختونخوا کے وزراء مال غنیمت

خیبر پختونخوا کے وزراء مال غنیمت کے لئے آپس میں لڑ رہے ہیں ،امیر مقام

ویب ڈیسک:وفاقی وزیرسیفران اورصدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزراء مال غنیمت کے لئے آپس میں لڑ رہے ہیں ۔
ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ ملک دشمنی کرنے والے گمراہ کن ٹولہ کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آچکا ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو ریلیف دینے کی بات کریں تو شور مچاتے ہیں خزانہ خالی ہے لیکن دھرنوں کے لئے پیسے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔
ملک میں ایک شخص امریکہ مردہ باد اور کبھی امریکہ زندہ باد کے نعرے لگا رہا ہے،خیبر پختونخوا میں بد امنی،بے روزگاری کو نہیں دیکھا جاتا،پنجاب اور بلوچستان کے وزیر اعلی عوام کو ریلیف دے رہے یہ صرف ان پر تنقید کرتے ہیںاگر مقابلہ کرنا ہے تو دوسروں صوبوں کی کارکردگی سے موازنہ کرلیں۔
ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ایبٹ آباد انٹرچینج عوام کو دیرینہ مطالبہ تھا جس کا باقاعدہ افتتاح 15ستمبر کو وزیر اعظم میاں شہباز شریف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بانی تحریک انصاف سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ہے،عمران خان کو نومئی کا حساب دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا کہناتھا گندم سیکنڈل ،معدنیات سیکنڈل ،جنگلات کا سیکنڈل خیبر پختونخوا حکومت کے ماتھے کا کلک ہے ،بی آر ٹی سیکنڈل کو بھی منطقی انجام تک نہیں پہنچایا گیا ۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے،سیاسی بنیاد پر انتقامی کاروائیاں جاری ہیں،صوبے میں اورمرکز میں ان کی حکومت تھی انہوں نے مرکز سے کتنی وصولیاں کیں ان کو چاہے وہ صوبے کے امن امان کو ترجیح دیں ۔
خیبر پختون خوا میں کرپشن کو جائز قرار دیا ہے کسی کو کوئی ڈر نہیں ہے پوسٹنگ ٹرانسفر پر ریٹ مقرر ہیں،خیبرپختونخوا کے حالات ملک کے دوسروں سے بدتر ہیں،ہسپتالوں میں ادویات نہیں ملتیں۔
صحت کارڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے ایک لاکھ کے علاج کے پانچ لاکھ وصول کرتے ہیں،نوجوان تعلیم اور امن چاہتے ہیں،باجوڑ میں ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے تین ہزار ووٹ لئے اب لوگوں کو احساس ہوا ہے وہ کیا چاہتے ہیں۔
تحریک انصاف کا ایجنڈا اینٹی پاکستان ہے،اب یہ دوبارہ نہیں آئیں گے،ان کے دور میں ملٹری کورٹ حلال تھی اب حرام قرار دے رہے ہیں اس طرح نہیں چلے گا ۔
مرکزی رہنما کیپٹن ر محمد صفدر کا کہنا تھا وزیر اعظم کو ہزارہ کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دلوانے کے درخواست کی ہے۔
ہزارہ میں سکی کناری ،پترینڈڈیم ،بھاشا ،داسو سمیت دیگر ڈیم ہیں اس کا ریلیف عوام کو دلوائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی کا کہناتھا ملک کو مشکل ترین حالات سے نکالا گیا ہے۔اتحادی حکومت ہے مسلم لیگ ن کو واضح اکثریت نہیں ملی ۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے میاں شہباز شریف اور تمام ٹیم کو ٹاسک دیا ہے وہ عوام کو مہنگائی اور بجلی میں ریلیف دیں۔
وفاقی وزیر نے ایبٹ آباد پریس کلب کے 20 لاکھ کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا ۔

مزید پڑھیں:  لاپتہ افراد کیس، پشاور ہائیکورٹ کے طلب کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پیش