190ملین پاؤنڈ ریفرنس

190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی

ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا۔
دوران سماعت عمران خان دو مرتبہ روسٹرم پر آئے، پہلی مرتبہ انہوں نے وکلا، فیملی ممبران اور میڈیا نمائندوں کو روکنے کی شکایت کی، دوسری مرتبہ بیٹوں سے بات نہ کرانے کی شکایت کی جس پر جج نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ طاہرشاہ سے جواب طلب کر لیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کے حکم کے باوجود جیلر تین ہفتوں سے بیٹوں سے بات نہیں کرارہا، ہفتے میں کوئی ایک دن اور وقت مقرر کر دیں اور سختی سے ہدایت کریں کہ بیٹوں سے بات کرائی جائے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلا عثمان گل اور چوہدری ظہیر عباس نے تفتیشی آفیسر پر جرح کی۔
نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کل صبح ہوگی۔
وکلا صفائی ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:  وفاقی وزیر امیر مقام کا خیبر پختونخوا میں فوجی آپریشن کا اشارہ