معاشی اصلاحات کی پالیسی

حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، رائیٹ سائیزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں۔
افراط زر کی شرح میں کمی اور موڈیز کی ریٹنگ میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ماہرین کی ستمبر مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فچ کے بعد حال ہی میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جو عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی اور معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا اور آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے، حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  لاپتہ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم گھر پہنچ گئے