ارباب نیاز سٹیڈیم کے تعمیری منصوبے

ارباب نیاز سٹیڈیم کے تعمیری منصوبے کاتخمینہ تین ارب سےتجاوز کرگیا

ویب ڈیسک: ارباب نیاز سٹیڈیم کے تعمیری منصوبے کا تخمینہ تین ارب سے تجاوز کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے تعمیری منصوبے کی تخمینہ لاگت میں 37کروڑ روپے کا اضافہ ہوگیا۔
مصنوعی روشنیوں اور تعمیراتی منصوبے پر مجموعی طور پر 3ارب روپے سے زائد کا تخمینہ منظور کیا جا چکا ہے جبکہ منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے ۔
محکمہ ترقی ومنصوبہ بندی خیبر پختونخوا کی دستاویز کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی اپگریڈیشن کا منصوبہ ایک ارب 37کروڑ 78لاکھ 70ہزار روپے کا 17اکتوبر 2017کو منظور کیا گیا۔
منصوبے کو تین برس میں مکمل کیاجاناتھا تاہم یہ منصوبہ بروقت مکمل نہ ہوسکا، محکمہ کھیل کی جانب سے ارباب نیا ز کرکٹ سٹیڈیم منصوبے میں نظر ثانی کرتے ہوئے اس کی تخمینہ لاگت میں 68فیصد اضافہ کردیا گیا اور یہ منصوبہ 31 مارچ 2021 تک ایک ارب 94 کروڑ 41 لاکھ 69 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔
اس کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے، اب محکمہ کھیل کی جانب سے دوسری نظر ثانی جمع کرائی گئی ہے جس کے مطابق منصوبے کی تخمینہ لاگت دو ارب 31کروڑ 65 لاکھ 40 ہزار روپے ہوگیا ہے۔
دوسری نظر ثانی پر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کی جانب سے 44اعتراضات لگائے گئے جن میں صرف 8دور کئے جا سکے 36اعتراضات پر اب تک محکمہ کھیل نے کوئی وضاحت جمع نہیں کرائی ہے۔
منصوبے پر اب تک ایک ارب 49کروڑ90لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں، دوسری جانب محکمہ کھیل نے مصنوعی روشنیوں کیلئے 70کروڑ روپے کا الگ سے منصوبے تجویز کردیا ہے، دونوں منصوبوں کی مجموعی تخمینہ لاگت تین ارب سے تجاوز کرگئی ہے ۔
یاد رہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کے تعمیری منصوبے کا تخمینہ تین ارب سے تجاوز کر گیا۔

مزید پڑھیں:  تہران کے جواب کا منتظر امریکہ کا مشرق وسطیٰ میں فوج بھیجنے کا عندیہ