آئینی ترمیم کا مقصد 3 امپائروں

آئینی ترمیم کا مقصد 3 امپائروں کو توسیع دینا ہے، عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مقصد 3 امپائروں کو توسیع دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تین امپائروں کو توسیع دینے کے لئے آئینی ترمیم کرنا پڑ رہی ہے جس کا مقصد فراڈ الیکشن کو تحفظ دینا ہے جبکہ وفاقی حکومت نمبرز پورے کر رہی ہے اور وہ آئینی ترامیم لاکر ہی رہے گی۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں کے ساتھ عدلیہ سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے 4 امپائرز کو ساتھ ملاکر کھیلا اور پھر بھی ہار گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب آئینی ترمیم تین امپائروں کو توسیع دینے کے لئے کرنا پڑ رہی ہے، ان میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور چیف الیکشن کمشنر شامل ہیں جبکہ توسیع اس لئے دینے کی کوشش ہو رہی ہے تاکہ فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا جا سکے۔
حکومت کو ڈر ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائر عیسیٰ راستے سے ہٹ گئے تو 9 مئی اور فراڈ الیکشن کی تحقیقات کھل جائیں گی،9 مئی کو ہماری پارٹی ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
صحافی نے سوال کیا کہ آئینی ترمیم والا معاملہ تو اب ریورس ہوگیا ہے جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ حکومت نمبرز پورے کر رہی ہے، انہوں نے ترمیم لانی ہی لانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الیکشن کو تاخیر کا شکار کیا گیا تاکہ پی ٹی آئی کو کرش کیا جاسکے، مجھ پر 140 کیسز 9 مئی سے پہلے ہو چکے تھے، دو قاتلانہ حملے بھی مجھ پر ہو چکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ختم نہیں ہو رہی تھی اسی لیے 9مئی کیا گیا، 9مئی جس نے کروایا وہی اس کا اصل ذمہ دار ہے، لاہور سے نکلتے ہوئے کہا تھا کہ وارنٹ دکھائیں اور گرفتار کر لیں، مجھے گرفتار کر کے گھسیٹ کر لے جانے کا مقصد لوگوں کو اشتعال دلانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہر جگہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ سے اغوا کی فوٹیج بھی چوری ہو گئی، نئے چیف جسٹس کے سامنے جب 9مئی کی پٹیشن لگے گی تو اصلیت سامنے آجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف سپریم کورٹ سے لوگوں کو امیدیں ہیں، اس کو بھی تباہ کیا جارہا ہے، ماتحت عدلیہ اور پولیس پر کسی کو اعتماد نہیں رہا، لاہور میں پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے، جو بھی ہو جائے لاہور کا جلسہ کریں گے، قوم کو پیغام دیتا ہوں کہ لاہور کے جلسے میں کشتیاں جلا کر نکلیں۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مقصد 3 امپائروں کو توسیع دینا ہے۔

مزید پڑھیں:  5دن میں ضمانت پر فیصلہ کرنا لازمی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ