چین کا تعاون قابل تحسین

آئی ایم ایف مذاکرات میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے۔
اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے 75ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ ماہ چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی قیادت اور عوام کو یوم تاسیس پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ چین کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منانا خوش آئند ہے، دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے، چین نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے ہمیشہ احسن کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہانگ کانگ، تائیوان اور دوسرے عالمی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی روابط بڑھیں گے جبکہ آئی ٹی، معدنیات و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی شہباز شریف نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں:  انٹرا پارٹی انتخابات: پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مہلت