یہ ہماری طاقت کا صرف ایک

یہ ہماری طاقت کا صرف ایک گوشہ ہے، مسعود پیزشکیان

ویب ڈیسک: اسرائیل پر حملے کے بعد ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا ہے کہ یہ ہماری طاقت کا صرف ایک گوشہ ہے، اسرائیل کو وارننگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس سے بھی سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے گزشتہ رات اسرائیل کیخلاف میزائل حملے کو فیصلہ کن ردعمل اور اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب قرار دے دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے ردعمل میں ایران کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور خطے میں امن کے جائز حق کی خاطر یہ حملہ کیا گیا۔
ایرانی صدر نے گزشتہ رات کے حملے کے حوالے سے مزید کہا کہ صیہونی ریاست کی جارحیت کیخلاف یہ ایک فیصلہ کن جواب تھا، ایران جنگجو نہیں، لیکن کسی بھی خطرے کیخلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری طاقت کا صرف ایک گوشہ ہے، اگر دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس سے بھی سخت جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ رات اسرائیل پر سینکڑوں میزائل داغ کر بڑا حملہ کر دیا ہے، اس حملہ میں کئی بیلسٹک میزائل بھی داغے گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے، جس ے ساتھ سائرن بج اٹھے تھے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ لمحے قبل ایرانی فضائیہ نے کئی بلیسٹک میزائلوں کے ذریعے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں کئی اہم فوجی و سیکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی بینڈ سنتے ہی بنگلادیش میں شائقین امڈ آئے، رش بڑھنے پر فوج طلب