عمر شریف کو بچھڑے 3برس

کامیڈی کے شہنشاہ عمر شریف کو بچھڑے 3برس بیت گئے

ویب ڈیسک: کامیڈی کے شہنشاہ اور کئی دہائیوں تک لوگوں کو ہنسانے والے عمر شریف کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 3برس بیت گئے۔
بے مثال اداکاری اور جداگانہ انداز سے لوگوں کو ہنسانے والے محمد عمر(عمر شریف)19اپریل 1960کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے ۔
عمر شریف نے 1980 میں پہلی بار آڈیو کیسٹ کے ذریعے ڈرامے ریلیز کیے، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک بھارت میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
کامیڈی کنگ کے مقبول ڈراموں میں 1989میں ریلیز ہونے والا مشہور مزاحیہ ڈرامہ بکرا قسطوں پر 1، 2، 3، 4، 5، بڈھا گھر پر ہے، میری بھی تو عید کرا دے، ماموں مذاق مت کرو اور دیگر شامل ہیں۔
عمر شریف نے 70 سے زائد ڈراموں کے اسکرپٹ لکھے جن کے مصنف، ہدایتکار اور اداکار وہ خود تھے اور ان ڈراموں نے مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے۔
بھارت کے مشہور مزاحیہ اداکار جونی لیور اور راجو شریواستو نے عمر شریف کی مزاحیہ اداکاری سے متاثر ہوکر انہیں دی گارڈ آف ایشین کامیڈی کا لقب دیا تھا۔
عمر شریف 2اکتوبر 2021کو عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث 61برس کی عمر میں جرمنی میں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عمران خان سے ملاقات،ڈی چوک احتجاج پر مشاورت