طویل جنگ دشمن کیلئے تباہ کن

طویل جنگ دشمن کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی، القسام بریگیڈ

ویب ڈیسک: القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ طویل جنگ دشمن کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی، جبکہ ہم اس طویل جنگ کیلئے تیار ہیں۔ اس جنگ کے دشمن پر اس قدر تباہ کن اثرات مرتب ہونگے جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم نے طوفان الاقصیٰ تب شروع کیا جب مسجد اقصیٰ کی سلامتی انتہائی خطرناک مرحلے پر پہنچ گئی تھی۔
ترجمان القسام بریگیڈ ابوعبیدہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا لیکن طوفان الاقصیٰ کے ذریعے ہم دشمن پر پہلے ہی حملہ آور ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدام سے دشمن کی پیش قدمی اور بڑے حملے کا خیال خیال ہی رہا جسے حقیقت کا جامہک نہ پہنایا جا سکا۔ یہ دور جدید کا سب سے کامیاب کمانڈو آپریشن تھا جس میں دشمن کو ذلت آمیز شکست ہوئی۔
ابو عبیدہ نے مزید کہاکہ غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کو طویل عرصے تک قید رکھا جا سکتا ہے، جس پر ہمیں کوئی پریشانی نہیں جبکہ دوسری طرف ان یرغمالیوں کی قسمت اسرائیلی حکومت کے اقدامات سے منسلک ہے، صیہونیوں کے اقدامات سے ہی ان کی جان جڑی ہے۔
ترجمان حماس نے کہا کہ غزہ میں جنگ جتنی دیر جاری رہے گی، یہ یرغمالیوں کے لئے اتنا ہی زیادہ خطرناک ہوگا۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کا حملہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی خلاف ورزیوں، بستیوں کی توسیع، فلسطینی سکیورٹی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی اور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کے ردعمل کے طور پر کیا تھا۔
آخر میں ترجمان حماس ابوعبیدہ نے کہا کہ ہمیں حزب اللہ کی ثابت قدمی اور جرات پر یقین ہے، ہمیں اس بات پر بھی مکمل یقین ہے کہ حزب اللہ صیہونیوں کو بھاری نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوں گے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے مزید کہا کہ طویل جنگ دشمن کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی، جبکہ ہم اس طویل جنگ کیلئے تیار ہیں۔ اس جنگ کے دشمن پر اس قدر تباہ کن اثرات مرتب ہونگے جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔

مزید پڑھیں:  اندوہناک واقعے کے مرتکب پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، وزیراعظم