بیرسٹر گوہر کو عمران خان

بیرسٹر گوہر کو عمران خان سے انفرادی طور پر ملاقات کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے بیرسٹر گوہر کو عمران خان سے انفرادی طور پر ملاقات کی یقین دہانی کرا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے رات گئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ٹیلی فونک بات چیت کی اور اس دوران آج عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صرف بیرسٹر گوہر کو عمران خان سے انفرادی طور پر ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کی ملاقات کی درخواست کی گئی تھی، اس حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے، اس دوران پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے مشروط طور پر آمادگی ظاہر کی گئی تھی کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو احتجاج کی کال واپس لے سکتے ہیں۔
کل احتجاج کی کال بھی دی گئی ہے جبکہ کل ہی اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں مختلف ممالک کے سربراہان سمیت 200 وفود شرکت کر رہے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی وقاص اکرم شیخ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ہماری عمران خان سے ملاقات کروا دیتی ہے تو ہم 15 اکتوبر کے احتجاج کی کال واپس لے لیں گے۔

مزید پڑھیں:  صوبہ میں 26ہزار پرائمری سکولوں کی احتجاجاً تالابندی کا اعلان