arif alvi new 1

وزیراعظم کا فلسطین کے بارے میں موقف قائداعظم کے تصورات کے عین مطابق ہے،صدرمملکت

ویب ڈیسک (اسلام آباد) : صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ، فوج اورعدلیہ سمیت تمام ریاستی ادارے اس مشترکہ حکمت عملی پرمتحد ہیں، قانون کی حکمرانی اورلوگوں کے لئے سماجی انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، وہ نئے پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، صدرنے اپنے خطاب میں حکومت کی فعال خارجہ پالیسی اور کوروناوائرس کی وباء کی روک تھام کی حکمت عملی کی اقتصادی صورتحال میں بہتری اورملک کو ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پرگامزن کرنے سے متعلق سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں کے اجراء سمیت متعدد امورپراظہارخیال کیا، انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی کامیابی ہے جو ہرچیلنج سے نمٹنے کے لئے ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی، حکومت نے درپیش عالمی وعلاقائی صورتحال کے تناظرمیں حکومت کی خارجہ پالیسی کودرست سمت میں گامزن کیا، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ پالیسی بیان کوسراہا، جس میں پاکستان فلسطینیوں کے جائزحقوق کے حصول تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، وزیراعظم کا یہ موقف فلسطین کے بارے میں قائداعظم محمدعلی جناح کے تصورات کے عین مطابق ہے، کشمیرتنازعہ کے بارے میں پاکستان نے بھارت کے گزشتہ سال پانچ اگست کے اقدام کومسترد کردیا تھا، جس کامقصد مسلمانوں کی اکثریتی وادی جموں وکشمیرکے آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت ملک میں مسلمانوں اوردوسری اقلیتوں کے خلاف ہندو بالا دستی کا نظریہ مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے، ڈاکٹرعارف علوی نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں فوجی محاصرے کا نوٹس لیں، انہوں نے چین، ترکی، ملائیشیا، ایران اورآذربائیجان کی طرف سے جموں وکشمیرکے مسئلے پر پاکستان کی مضبوط حمایت کرنے اوربھارتی مظالم کی مذمت کرنے پراُن کا شکریہ ادا کیا-

مزید پڑھیں:  حکومت کا چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے اپوزیشن سے رابطہ