b1f5fdb755b5006275939bfbc1eb02fa

وزیرِاعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ: اعلیٰ سطحی نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائےسیاحت کی تشکیل

ویب ڈیسک(اسلام آباد):پاکستان کے طول و ارض میں پھیلے دل کش سیاحتی مقامات اور ملکی سیاحتی استعداد کومکمل طورپر برؤے کار لانے کے حوالے سے وزیرِاعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ

سیاحت کے حوالےسےحکومتی ترجیحات کوعملی جامہ پہنانےکےلئےوزیرِ اعظم نے اعلیٰ سطحی نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائےسیاحت تشکیل دے دی.

کنوینر سرکاری یا نجی شعبے سے کسی بھی فرد کو کمیٹی میں شامل کرنے کا مجاز ہوگا،وفاقی اور صوبائی نمائندگان پرمشتمل کمیٹی کی ذمہ داریوں میں نیشنل ٹورازم اسٹریٹیجی پر عمل درآمدکا جائزہ لینا اور صوبائی و علاقائی سطح پرمختلف اقدامات کو نیشنل سٹریٹیجی اور ایکشن پلان سےہم آہنگ کرنا ہوگا.

کمیٹی سیاحت کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل درآمد اور اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لے گی،ملکی سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ، سیاحتی سہولیات، پراڈکٹس اور سروسز کا جائزہ بھی کمیٹی کے دائرہ کار میں ہوگا.

مزید پڑھیں:  زمین کے بڑھتے درجہ حرارت کے ہماری نیند پر منفی اثرات

کمیٹی سیاحت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ٹھوس سفارشات مرتب کرنے اور ہدایات جاری کرنے کی مجاز ہوگی تاکہ سیاحت کے فروغ کے لئے موزوں و موافق ماحول پیدا کیا جا سکے۔ کمیٹی پالیسی اور قانون سازی کی سطح پر حائل مشکلات کے حوالے سے اقدامات کی سفارش کرے گی.

سیاحت سے متعلقہ امور میں یکساں معیار کو یقینی بنانے کے حوالے سے ریگولیٹری اور عمل درآمد کے نظام کی تشکیل کی ذمہ داری بھی کمیٹی کو سپرد کی گئی ہے۔

نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی سیاحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کےذریعے سرمایہ کاری کے فروغ ، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، اور مختلف منصوبوں کے قابل عمل ہونے کے حوالے سے امورکا جائزہ لے گی،
نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی سیاحت کے حوالے سے نئے اقدامات کی نشاندہی کرے گی.

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف کا بجلی 5روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا مطالبہ

مقامی سیاحت کے فروغ کے لئے حکمت عملی مرتب کرنے کی ذمہ داری بھی کمیٹی کو سونپی گئی ہے۔ کمیٹی سیاحت کے حوالے سے افرادی قوت کی صلاحیتیوں کو بڑھانے کے حوالے سے اقدامات تجویز کرے گی.

اعلیٰ سطحی کمیٹی سیاحت کے حوالے سے مختلف وزارتوں ، ڈویژنز، محکموں اور متعلقین کو ہدایات جاری کرنے کی مجاز ہوگی۔ کمیٹی کا اجلاس ہر پندرہ دن کے بعد باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔.

کمیٹی بین الصوبائی، بین الوزارتی، محکموں اور اداروں کے تعاون کے حوالے سے فوکل پوائنٹ کا کردار ادا کرے گی۔
کمیٹی کے کنوینر ہر پندرہ دنوں کے بعد وزیرِ اعظم کو سیاحت کے فروغ کے حوالے سے حائل رکاوٹوں، سفارشات اور پیش رفت کے حوالے سے بریف کریں گے۔