پاراچنار میں اراضی تنازع

پاراچنار میں اراضی تنازع پر دو قبائل آمنے سامنے، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ویب ڈیسک: پارا چنار میں بوشہرہ ڈنڈر کے دو قبائل کے درمیان اراضی تنازع شدت اختیار کر گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پارا چنار میں بوشہرہ ڈنڈر کے دو قبائل کے اراضی تنازع پر کل سے شروع ہونے والا فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، دونوں فریقین کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں اب تک 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز فائر بندی کی کوشش کرنے والے قبائلی عمائیدین اور سرکاری افسران پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک فریق کی جانب سے بائی پاس پر راہگیروں پر فائرنگ کی گئی، پاراچنار کی طرف میزائل بھی فائر کئے گئے تھے، میزائل داغے جانے کی صورت میں تاحال کوئی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ضلعی انتظامیہ، سیکیوریٹی فورسز اور پولیس کی علاقہ عمائدین کے تعاون سے بوشہرہ ڈنڈر کے دونوں قبائل کے درمیان فائر بندی کی کوششیں جاری ہیں۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس منظور