آٹا کا تھیلا1500روپے مہنگا

1سال میں20کلو آٹا کا تھیلا1500روپے مہنگا ہوا

ویب ڈیسک : پشاور میں ایک سال کے دوران آٹے کی 20کلو بوری کی قیمت میں ڈیڑھ ہزار روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ طلب اور رسد میں فرق مسلسل بڑھنے کی وجہ سے قیمتیں بھی بڑھتی جارہی ہیں جبکہ شہری آٹے کے حصول میں سرگرداں ہیں ۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں پنجاب کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آٹے اور گندم کی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ پاسکو اور پنجاب حکومت کی جانب سے مارکیٹ سے 5،5لاکھ ٹن اضافی خریداری نے مارکیٹ میں عدم استحکام پیدا کر دیا ہے ۔ اس وقت کا عدم استحکام آج تک جاری ہے اور اس میں مزید اضافہ ہورہا ہے پنجاب حکومت نے جب گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر پابندی عائد کی تھی اس وقت وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت تھی 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو فتح ملی اور پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ بن گئے
تاہم آٹے اور گندم کی نقل و حمل پر عائد پابندی ختم نہ ہوسکی پشاور میں گزشتہ سال جنوری میں آٹے کی 20کلو کی بوری 1100روپے تک دستیاب تھی آج ایک سال میں وہی آٹے کی بوری 2ہزار 650روپے تک پہنچ گئی ہے۔ قیمت میں 130فیصد سے بھی زیادہ اضافہ کے بعد بھی قیمتوں میں ٹھہرائو نہیں آرہا ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے آٹے کے بحران کے حوالے سے اہم اجلاس چیف سیکرٹری کی سربراہی میں گزشتہ روز ہوا جس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان کو بتایا گیا کہ صوبے میں آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے۔
آٹے کی بازاروں میں دستیابی میں تعطل نہیں آیا صوبے میں گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ سبسڈائزڈ آٹے کے لئے پانچ ہزار میٹرک ٹن گندم یومیہ فلور ملز کو جاری کی جاتی ہے۔ سبسڈائزڈ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک ہزار295 روپے میں رجسٹرڈ دکانوں پر دستیاب ہے۔ دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوامیں گندم کوٹے اور آٹے کی شدید کمی ہے جس کی وجہ پنجاب سے گندم خیبر پختونخوا لانے پر پابندی کی وجہ سے آٹے کے ریٹس زیادہ ہونے کی وجہ ہے۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب سے کراچی آنے والے مسافر میں منکی پاکس کی علامات