اپرچترال کو بلاتعطل بجلی میسر

یکم فروری سے اپرچترال کو بلاتعطل بجلی میسر ہوگی،معاہدہ پردستخط

ویب ڈیسک:گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر کی مشترکہ صدارت میں اپر چترال میں بجلی کی عدم دستیابی سے متعلق اہم اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وفاقی سیکرٹری محکمہ توانائی رشیدمحمود، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبر پختونخوانثارمحمد،چیف پیسکوعارف محمودسدوزئی، چیف پیڈوانجینئر محمدنعیم اور گورنر سیکرٹریٹ، محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سمیت اپر چترال سے سابق رکن قومی اسمبلی شہزاد افتخار اوراپر چترال سے تعلق رکھنے والے دیگر عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں اپرچترال کو بجلی کی فراہمی کیلئے باہمی مشاورت سے تمام معاملات نمٹانے کے بعدایک معاہدہ طے پایاگیا جس پرگورنرخیبرپختونخوا، وفاقی وزیرتوانائی، چیف پیسکو، چیف پیڈو اور اپرچترال کے عمائدین کی جانب دستخط کئے گئے، معاہدے کیمطابق پیسکو لوئر چترال کی طرز پر اپرچترال کو بجلی فراہم کرے گا اور اپرچترال اورلوئر چترال کے درمیان بجلی کا فرق ختم کردیاگیاہے۔ پیسکو کی جانب سے اپر چترال کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلاتعطل بجلی یکم فروری سے میسر ہوگی۔ اس طرح پیسکو اور پیڈو کے درمیان واجبات کے معاملات طے کرنے سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو ایک ماہ میں واجبات کے معاملات کو طے کرلے گی۔پیسکو کی جانب سے اپرچترال کو فراہم کی جانیوالی بجلی کے بلوں کے نرخ لوئر چترال کی طرز پرہوں گے۔ اس موقع پر اجلاس میں موجود عمائدین اپرچترال نے وزیراعظم پاکستان محمدشہباز شریف اور گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کئی سالوں پرمشتمل اپرچترال کے غریب عوام کا مسئلہ فوری طورپر حل کردیاہے جوکہ گذشتہ صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث کٹھائی کا شکار تھا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے صوبے کے ایک بڑے ضلع چترال کی محرومیوں کی طرف توجہ دی اور گذشتہ 5 سالوں سے اندھیرے میں ڈوبے اپرچترال کے عوام کو روشنی طرف منتقل کردیاگیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرتوانائی انجینئرخرم دستگیر نے میزبانی کے فرائض انجام دینے پر گورنر حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گورنر حاجی غلام علی صوبہ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کررہے ہیں اور گورنرہائوس کے دروازے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کھلے رکھے ہوئے ہیں جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ پیسکو اور پیڈو کے مشترکہ معاملات نمٹا دیئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ آج اپرچترال کے عوام کو بجلی کی عدم دستیابی کے مسئلہ کو نمٹاناتھا جو طے ہوگیا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں اپرچترال کے عوام کو پیسکوکی جانب سے لوئرچترال کی طرح بجلی کی فراہمی شروع ہوجائیگی اور100 فیصد بلوں کی ادائیگی پر صوبہ کے دیگرعلاقوں کی طرح 24 گھنٹے اپر چترال میں بھی بجلی میسر ہوگی۔

مزید پڑھیں:  شمالی وزیرستان میں بینک کی گاڑی پر حملہ ، منیجر جاں بحق