اسمبلی میں واپسی

استعفے منظور ہوچکے، واپسی ممکن نہیں،سپیکرکا پی ٹی آئی کو دوٹوک جواب

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کی اسمبلی میں واپسی کی استدعا پر دوٹوک جواب دے دیا۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی ہے۔ پی ٹی آئی وفد میں عامر ڈوگر، کنول شوذب، ساجدہ بیگم، عامر کیانی، عاصمہ حدید، امجد نیازی، ظل ہما،شوکت علی بھٹی،فیض اللہ،خرم شہزاد اور طاہرصادق شامل تھے۔ قومی اسمبلی کے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی کے سابق ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پربات ہوئی اور پی ٹی آئی وفد نے استعفوں کی منظوری کے اقدام کو واپس لینے کی استدعا کی۔
سپیکرقومی اسمبلی نے جواب دیا کہ قانون و آئین اورقومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت استعفے منظور کرچکا ہوں، بار بار خطوط بھیجے، اس کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی ممبر حاضر نہیں ہوا، اسد قیصر اور عامر ڈوگر کی سربراہی میں آئے وفد کے بعد استعفے قبول کرنے کا عمل شروع کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق سپیکراسدقیصرکی سربراہی میں آئے وفد نے استعفے منظور کرنے کی استدعا کی تھی، میں آئین، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کا پابند ہوں۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان سے استفسار کیا کہ کیا ممبران نے استعفے اپنی مرضی کے مطابق نہیں دیے تھے؟ سابق سپیکراسد قیصر کی سربراہی میں آئے وفد کے اصرار پر استعفے منظور کیے گئے تھے، پھربھی آپ کی درخواست پر معاملے کو لیگل ٹیم سے ڈسکس کرکے آپ کو مطلع کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  قومی ترانے کی توہین : وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور وضاحتیں دینے لگے