امریکی وزیر خارجہ چین

برف پگھلنے لگی، امریکی وزیر خارجہ چین پہنچ گئے

ویب ڈیسک: امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے 2 روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والے تنائو اور کشیدگی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کوئی اعلیٰ امریکی عہدیدار چین پہنچا ہو۔ وزیرخارجہ انٹونی بلنکن دورے میں اپنے چینی ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے جس میں متوقع طور پر شکوے گلے کئے جائیں گے اور تعلقات کی بحالی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حال ہی میں تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکا کے درمیان تعلقات نہایت کشیدہ ہوگئے تھے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو سنگین دھمکیاں دی تھیں۔ اس قبل دونوں ممالک ایک دوسرے پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی عائد کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کو رواں برس فروری میں چین کا دورہ کرنا تھا لیکن امریکا کی فضائی حدود میں چین کے جاسوسی غباروں کی موجودگی اور امریکی فوج کے اسے مار گرانے کا دعویٰ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ کے باعث یہ دورہ منسوخ کردیا گیا تھا۔ تاہم اس کے باوجود امریکی وزیر خارجہ کی چین آج آمد کا مقصد اعلیٰ سطح کے رابطوں اور تعلقات میں مزید خرابی سے بچنا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کسی بھی قسم کی پیش رفت کا امکان نہایت کم ہے تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں مزید ملاقاتوں کا دروازہ کھل جائے گا۔ چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ غلط فہمیوںکے خاتمے اور چین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں:  جسٹس منیب ججز کمیٹی سے باہر، جسٹس امین الدین رکن نامزد