ٹائٹین کی تباہی

امریکی نیوی کو ٹائٹین کی تباہی کا علم ہوگیا تھا

ویب ڈیسک: امریکی اخبار نے بحر اوقیانوس میں تباہ ہونے والی آبدوز سے متعلق نیا انکشاف کیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکی نیوی کو ٹائٹین کی تباہی کا اندازہ اتوار سے تھا اور نیوی نے زیر سمندر خفیہ نظام سے دھماکہ ریکارڈ کرلیا تھا۔ یہ ریکارڈنگ سب میرین کی نقل و حرکت کی نگرانی کے نظام نے ریکارڈ کی۔ امریکی نیوی افسر نے بتایا کہ یہ ریکارڈنگ ٹائٹین کے غائب ہونے کے قریبی علاقہ سے ریکارڈ ہوئی اور ہم نے یہ معلومات کوسٹ گارڈز کو فراہم کر دی تھیں۔ بحر اوقیانوس میں غرقاب ہونے والی آبدوز ٹائٹین کی مالک کمپنی اوشین گیٹ کے شریک بانی گیولر موسو ہنلین نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر زیر آب دبائو کے باعث آبدوز پھٹ گئی ہو۔
اوشین گیٹ کی 18 جون کو لاپتہ ہونے والی آبدوز کا ملبہ ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو میں گیولرموسوہنلین نے کہا کہ اگر سمندر کی تہہ میں کوئی ملبہ ملا ہے تو میرے لئے بالکل بھی تعجب کی بات نہیں کیونکہ ہمارا پروٹوکول تھا کہ اگر رابطہ ٹوٹ جائے تو پائلٹ آبدوز کو تہہ تک لے جائے گا، میرا شروع سے یہی خیال تھا کہ اسٹاکٹن نے بھی یہی کیا ہوگا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ حادثہ کا شکار ہونے والی آبدوز غرقاب بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ملبہ سے 1600 فٹ دور ہے۔ یہ ایک ایسے علاقے میں ہے جہاں ٹائی ٹینک کا کوئی ملبہ پہلے سے موجود نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  شمالی وجنوبی وزیرستان میں جھڑپیں، 6 جوان شہید، 12 خوارج ہلاک