مون سون بارشوں

مون سون بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

ویب ڈیسک: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے مون سون بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے جمعہ کے روز اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ہے۔ اجلاس میں طوفانی بارشوں، آندھی، طوفان اور سیلابی ریلوں کے نتیجہ میں نقصانات سے بچنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری آبپاشی، ریلیف، سی اینڈ ڈبلیو سمیت آرمی، ایف سی، ریسکیو، پی ڈی ایم اے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی، جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی ضروری منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ سوات میں بحرین بازار روڈ کی بحالی پر تیزی سے جاری کام رواں ہفتے کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کی مالی مشکلات کے باوجود سیلاب سے نمٹنے کے لئے درکار فنڈز کی دستیابی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جارہی ہے۔
چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ سیاحتی اضلاع میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی متوقع تعداد کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔ کسی ناگہانی صورتحال اور سیلاب کی وجہ سے رابطہ سڑکیں منقطع ہونے پر سیاحوں کے لیے مناسب انتظامات بھی کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سینڈ بیگز، لائف جیکٹس، کشتیاں، ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر درکار ضروری آلات اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سیلاب کے خطرہ سے دوچار اضلاع میں انتظامیہ پہلے سے اشیائے خوردونوش، پیٹرول اور ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ بھی یقینی بنائے۔

مزید پڑھیں:  پارلیمان کا قانون سازی کا اختیار آئینی حدود کے تابع ہے،سپریم کورٹ