پشاور میں مویشی غائب

مویشی اچانک غائب، پشاور کی منڈیوں میں خریدار خوار ہوگئے

ویب ڈیسک: پشاور کی مویشی منڈیوں میں مویشی اچانک کم ہونا شروع ہوگئے، عید سے صرف ایک دن قبل ہی منڈیاں خالی ہونا شروع ہوگئیں جس کے باعث خریدار خوار ہونے لگے۔ پشاور کے شہریوں کی بڑی تعداد نے نوشہرہ، چارسدہ اور صوابی سمیت قریبی اضلاع کا رخ کرلیا۔ پشاور کی مویشی منڈیوں رنگ روڈ، کالا، سفید ڈھیری، ورسک روڈ، دائودزئی اور دیگر میں حیران کن طور پر مویشی منڈیوں کی تعداد میں کمی آگئی اور بڑی تعداد میں مویشی کم ہوگئے، مویشیوں کی کمی کے باعث باقی رہ جانیوالے جانوروں کی قیمتیں بیوپاریوں نے بڑھا دی ہیں۔ شہریوں کے مطابق عید قریب آتے ہی امید کی تھی کہ قیمتیں کم ہونگیں تاہم مویشی حیران کن طور پر کم ہوگئے ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے مویشیوں کی افغانستان ترسیل پر پابندی عائد ہے تاہم اس کے باوجود مویشی کم ہونا حیران کن ہے۔ پشاور کے شہریوں نے قربانی کا جانور خریدنے کیلئے پشاور سے باہر دیگر منڈیوں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔ نوشہرہ ،چارسدہ، ملاکنڈ، صوابی اور دیگر علاقوں میں شہری مویشی لینے کیلئے نکل پڑے ہیں آج عید سے قبل خریداری کا آخری دن ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں کاروبار ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کا وجود ختم