نگران حکومت ڈالر

نگران حکومت آتے ہی ڈالر کو پر لگ گئے، روپے کے مقابلے میں مزید مہنگا

ویب ڈیسک: نگران حکومت کے آتے ہی ڈالر کی قیمت کو پر لگ گئے ہیں۔ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 294 روپے 93 پیسے پر بند ہوا، انٹربینک میں ڈالر 3 روپے 42 پیسے مہنگا ہوگیا، انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 291 روپے 51 پیسے پر بند ہوا تھا۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید ڈیڑھ روپے مہنگا ہو کر 303 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔ دوسری طرف ملک میں بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 23 ہزار 800 روپے ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کا بھائو 771 روپے اضافے سے ایک لاکھ 91 ہزار 872 روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کا منفی دن رہا اور 100 انڈیکس 419 پوائنٹس کم ہو کر 48146 پر بند ہوا۔
بازار میں 19.45 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 7.67 ارب روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 71 ارب روپے کم ہو کر 7179 ارب روپے ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  رسالپور پولیس اور رہزنوں میں جھڑپ، رہزن ہلاک، اہلکار زخمی