افغان کرنسی ”افغانی” 2023 کی تیسری مضبوط ترین کرنسی

ویب ڈیسک:افغان کرنسی ”افغانی” 2023 کی تیسری سہ ماہی کی بہترین کارکردگی والی کرنسی بن گئی، اس نے یکم جولائی سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں 9فیصد بہتری دکھائی۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق افغان کرنسی ” افغانی” 2023ء کی اب تک کی تیسری مضبوط ترین کرنسی ہے، اس سے اوپر کولمبیا پیسو اور سری لنکن روپیہ ہے۔ بلوم برگ کے مطابق افغان کرنسی طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہونے والا نقصان پورا کر چکی ہے، اس کوارٹر میں افغان کرنسی پرفارمنس کے حساب سے دنیا کی بہترین کرنسیوں میں شامل ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں لوگ صراف نامی منی ایکسچینج کی دکانوں پر غیرملکی کرنسی خریدتے اور بیچتے ہیں، صراف کی دکانیں ہر شہر اور دیہات میں ہر جگہ موجود ہیں۔ صراف کی سب سے بڑی مارکیٹ کابل میں ہے جسے سرائے شہزادہ کہتے ہیں
جہاں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں ڈالرز کی تجارت ہوتی ہے۔ افغانستان کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ تجارت کی کوئی حد نہیں ہے۔ مالی پابندیوں کے باعث دنیا کے دوسرے ممالک سے زیادہ تر رقم حوالہ نامی پرانے منی ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے افغانستان بھیجی جاتی ہیں، جو صرافوں کے کاروبار کا ایک بڑا حصہ ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کو اس سال تقریباً 3.2 ارب ڈالر کی امداد کی ضرورت ہے، جہاں پہلے ہی تقریباً 1.1 ارب ڈالر بھیجے جاچکے ہیں۔ طالبان نے اگست 2021ء میں کابل پر دوبارہ قبضے کے بعد کرنسی کنٹرول کیلئے سخت پالیسی کا نفاذ کیا تھا جس کے نتیجے میں مقامی افراد پر امریکی ڈالر اور پاکستانی روپے کے استعمال کے ساتھ ساتھ آن لائن تجارت پر بھی پابندی عائد ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا شمالی وزیرستان میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس