رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے خلاف کاروائی نہ کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے تمام صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو رجسٹرڈ افغا ن مہاجرین کیلئے کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ یا رجسٹریشن آف پروف کارڈ رکھنے والوں کو ہراساں کرنے یا گرفتار کرنے سے گریز کیاجائے۔وزارت سیفران کے چیف کمشنریٹ برائے افغان مہاجرین کی جانب سے سیکرٹری داخلہ پاکستان، چیف سیکرٹری سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، تمام صوبوں ، گلگت اور آزاد کشمیر کے سیکرٹری داخلہ، کمشنر اسلام آباد، صوبائی پولیس آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پی او آر کارڈ یعنی رجسٹریشن کے درست ثبوت اور افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے افغان مہاجرین عارضی طور پر رہنے کی اجازت ہے اور صرف رضاکارانہ بنیادوں پر وطن واپس بھیجا جا سکتا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو پہلے ہی بار بار ہدایات جاری کی جا چکی ہیں رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کو گرفتار کرنے، حراست میں رکھنے ،ہراساں کرنے یا ان کیخلاف کارروائی کرنے سے پاکستان کے مثبت تاثر کو نقصان پہنچے گا لہذا تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین اور افغان شہری کوڈ رکھنے والوں کے خلاف کوئی ہراساں یا غیر ضروری منفی کارروائی نہ کی جائے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی جلسہ کی اجازت بارے لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ تشکیل