پشاور میں بوسیدہ گیس پائپ لائنز کی تبدیلی کاعمل تیز کیاجائے، گورنر

ویب ڈیسک:گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی زیر صدارت ضلع پشاور میں گھریلو صارفین کو گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر سے متعلق میئر پشاور حاجی زبیر علی کی درخواست پر محکمہ سوئی گیس حکام کے ساتھ گورنر ہاس میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں نمک منڈی دیگر شہری علاقوں سمیت ضلع پشاور میں گیس کی بلاتعطل فراہمی اور نانبائیوں کوگیس فراہمی کے اوقات میں تبدیلی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میئر پشاور حاجی زبیر علی،جنرل منیجر سوئی گیس پشاور سید مختار شاہ، ڈپٹی چیف انجینئر آفتاب خان، سینئر انجینئرز علی بن ارشد، ذیشان بابر، شاہ فیصل سمیت محکمہ سوئی گیس کے دیگر حکام موجود تھے۔
گورنر نے کہا کہ نئی پائپ لائنز بچھانے پر کام تیز کیا جائے سوئی گیس حکام کی جانب سے بریفنگ میں گورنرکو بتایاگیا کہ پشاور کے شہری علاقوں سمیت ضلع بھر میں گھریلو صارفین کو گیس کی دستیابی کے اوقات میں اضافہ کیاجائے گا اورمختلف علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو حل کرتے ہوئے گیس پریشر میں بھی اضافہ کیاجائے گا سوئی گیس حکام نے گورنر کی ہدایت پرنانبائیوں کو گیس کی فراہمی کے اوقات میں بھی تبدیلی کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ ضلع پشاورمیں 350 کلومیٹر پر بوسیدہ پائپ لائنزکی تبدیلی منصوبہ پرکام جاری ہے جس میں سے 50 کلومیٹر پر کام مکمل کیاجاچکاہے اور 300 کلومیٹر بوسیدہ پائپ لائنز کی تبدیلی پر کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے گورنر کو یقین دلایا کہ ضلع پشاورکے فدا آباد وزیرباغ میں گیس فراہمی کیلئے 1 کلومیٹرسے زیادہ نئی گیس لائن بچھانے پر کام 2 دن میں شروع کردیاجائیگا۔
انہوں نے بتایاکہ ضلع پشاور اور اس کے مضافات میں بوسیدہ گیس پائپ لائن نیٹ ورک کی تبدیلی سے پشاور شہرو مضافات میں گیس کے کم پریشر اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا۔ گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ ضلع پشاور میں بوسیدہ گیس پائپ لائنز کی تبدیلی کے عمل کو تیزی سے مکمل کیاجائے موسم سرماکا آغاز ہوچکاہے اور گھریلو صارفین کو موسم سرما میں گیس کی بلاتعطل فراہمی ہرصورت یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے بوسیدہ گیس پائپ لائنز کی تبدیلی ضروری قراردیتے ہوئے کہاکہ گیس کی بوسیدہ پائپ لائنز سے لیکج کے باعث گیس ضائع ہو رہی ہے، پشاور کے اکثر علاقوں میں گیس لیکج اور پائپ لائنوں سے پانی نکلنے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جس کا مستقل بنیادوں پر حل یقینی بنایاجائے گیس کے افسران نے گورنر کو یقین دہانی کی کہ پائب بچھنے پر کام تیز کیا جائے گا اور عوام کو تکلیف سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی

مزید پڑھیں:  شیخ وقاص اکرم اور خالد خورشید نے سفری ضمانت کرا لی